بھٹکل:8/اکتوبر(ایس او نیوز)بھٹکل سمیت ضلع اُترکنڑا کے بے روزگار نوجوا ن لڑکے ، لڑکیوں کو یہ خبر بڑی مسرت کے ساتھ دی جارہی ہےکہ 3نومبر کی صبح 9بجے سے شام 4بجے تک بھٹکل انجمن انجنئیرنگ کالج میں بہت بڑے پیمانے پر روزگار میلہ کا اہتمام کیاجارہا ہے جس میں کم و بیش 25 کمپنیاں شریک ہورہی ہیں۔ اس بات کی اطلاع کالج پرنسپال ڈاکٹر مشتاق احمد بھاوی کٹی نے دی۔
پریس کانفرنس میں پرنسپال نے بتایا کہ دیہی علاقوں کی صلاحیتوں اور انجمن کالج سمیت اطراف کے کالجوں کے طلبا کو دھیان میں رکھتے ہوئے روزگار میلہ کا انعقاد کیا جارہاہے، انفوسس، جندال اسٹیل اینڈ پاور، ایچ ڈی ایف سی بینک، آئی سی آئی سی آئی بینک، یوریکا پوربس سمیت کئی نامور 25کمپنیاں ، اقتصادی ادارے میلہ میں شرکت کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ بی ای، ڈپلوما سندیافتہ طلبا کے علاوہ ایم اے، ایم کام ، ایم ایس سی ، بی اے ، بی ایس سی ، بی بی اے ، بی کام اور پی یو سی طلبا کے لئے بھی مواقع ہیں۔ 200سے زائد روزگار کا موقع ہے ، اور 2500خواہش مند طلبا کی شرکت کا اندازالگایا گیا ہے۔ خواہش مند طلبا اپنی تعلیم کی سندکے 10نقل، تیار شدہ بائیوڈاٹا، 10پاسپورٹ سائز فوٹو،2016میں کامیاب ہونے والے طلبا اپنے مارکس کارڈ کی نقل کے ساتھ کورس مکمل ہونے کی سند بھی لانا لازمی ہے۔ پرنسپال نے روزگار میلہ میں شرکت کرنے والے طلبا سے اپیل کی ہے کہ وہ 200روپئے فیس ادا کرکے میلہ کی تمام کمپنیوں کے لئے انٹرویو دے سکتاہے۔ میڈیا کنونیر سبرامنیا بھاگوت ، اسٹوڈنٹس ویلفئیر افسر سرفراز مرزا، نائب پرنسپال پال چندر وغیرہ موجود تھے۔